اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمالہ طارق بتائیں ان کے اکاؤنٹ میں 12 کروڑ روپے کس لیے آئے؟ کیا وہ خواجہ آصف کی بزنس پارٹنر تھیں۔
شہباز گل نے کہا کہ اگر کشمالہ طارق خواجہ آصف کی بزنس پارٹنر تھیں تو ان کے ساتھ کیا بزنس کرتی تھیں؟
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے کشمالہ طارق کو ادائیگیوں کے شواہد حاصل کیے تھے، خواجہ آصف نے کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں 12کروڑ روپے منتقل کیے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کشمالہ طارق کو ادائیگیاں خواجہ آصف کے فرنٹ مین نےکیں جس کے ذریعے 2 بار کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم جمع کروائی گئیں۔
خواجہ آصف کےفرنٹ مین نےجنوری 2015 میں7کروڑ جمع کرائے جب کہ کشمالہ طارق نے مئی 2015 میں 5 بار ایک ایک کروڑ روپے نکلوائے۔
کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں ستمبر2015میں 5کروڑ آن لائن جمع ہوئے جس کے بعد انہوں نے مارچ2016 میں 3کروڑ روپے نکلوائے، کشمالہ طارق نےاگست 2016میں 4کروڑ روپےنکلوائے۔
یاد رہے کہ خواجہ آصف آمدن سےزائداثاثہ کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ نیب نےکشمالہ طارق کوتاحال پوچھ گچھ کیلئےطلب نہیں کیا۔