فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف جیسے لٹیروں اور کرپٹ لوگوں کو لیڈر کہنا لیڈر لفظ کی توہین ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف کی کرپشن کے چرچے پورے یورپ میں ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفرور نواز شریف اب بین الاقوامی کرپٹ بن چکا ہے، نواز شریف کی کرپشن کو یورپ میں مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لفظ کرپشن جہاں ہوگا نواز شریف کا نام وہاں ہوگا، اب تو نواز شریف کو یورپ کی یونیورسٹیوں میں کرپٹ آدمی کے طور پر پڑھایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف میں رتی بھر بھی شرم و حیا ہے تو پاکستان آنے کی بجائے بحر اوقیانوس میں ڈوب مرے جبکہ نواز شریف جیسے لٹیروں اور کرپٹ لوگوں کو لیڈر کہنا لیڈر لفظ کی بھی توہین ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ نا اہل لیگ پوری دنیا میں پاکستان کے لئے باعث رسوائی و شرم بنی ہوئی ہے۔