کرپٹ اور مجرم اشرافیہ نے ملک میں لاقانونیت کو ضابطۂ حیات بنایا ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انساف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ اور مجرم اشرافیہ نے ملک میں لاقانونیت کو ضابطۂ حیات بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال، امپورٹڈ فسطائی حکومت کے ہاتھوں پیہم آئین و قانون شکنی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔

اس موقعے پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے ٹکڑوں میں استعفوں کی منظوری، اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور امپورٹڈ حکومت کے مابین ملی بھگت سے استعفوں کو ادنیٰ سیاسی اہداف کے حصول کا وسیلہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی۔

عمران خان نے اس موقعے پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عمومی سیاست کی راہ پر گامزن نہیں، نظام کی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے، برسوں پر محیط اقتدار کے دوران کرپٹ اشرافیہ نے سیاست و سماج دونوں کو تباہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ظلم، تفریق اور غلامی کی بنیادوں پر کھڑے نظام کی تعمیر و اصلاح کا ہدف لئے میدان میں ہے، میرے اراکین پارلیمان کی ترجیحات فنڈز اور پیسے کا حصول نہیں عوامی نمائندگی و قیادت میں معیار کا اہتمام ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک کے نتیجے میں سیاست و سماج میں انقلاب برپا ہے، آئندہ انتخابات میں خود اپنے امیدواروں کا تعین کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک کے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جمہوریت کو اس کی روح کے مطابق بحال کریں گے اور دستور کو بالادست بنائیں گے۔

Best Car Accident Lawyer