حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام جان چکے ہیں کہ کراچی کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں نیو ایم اے جناح روڈ پر عظیم الشان اور تاریخی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہم سب کے لیے بہترین اسوہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیامت تک کے لیے رہنمائی کا ذریعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قرآن مجید فرقان حمید کی مکمل تشریح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور ان کے مشن پر عمل کرکے ہی اپنے نبی سے محبت کا دعویٰ کرسکتے ہیں، نبوت کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے لیکن مشن رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو نافذ کرنا ہم سب پر فرض ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد اور قیام کا مقصد ہی یہی ہے کہ ہم اقامت دین کے نفاذ کی جدوجہد کریں، باطل کی تمام تر بالادستی کے باوجود اسلام مسلسل پھیل رہا ہے اور اسلام نافذ ہوکر رہی ہے گا، ہمیں مشن کی تکمیل کے لیے عزم نو کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حق دو کراچی اور مسائل سے نجات کی جدوجہد مسلسل جاری ہے، بلدیاتی انتخابات سے قبل بھی ہم نے کراچی کے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی، کراچی کے عوام جان چکے ہیں کہ کراچی کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحی کے موقع پر بھی چرم قربانی کی زبردست مہم چلائی، جب جب بلدیاتی انتخابات قریب آتے رہے سندھ حکومت کبھی بارش اور کبھی سیلاب کا بہانہ بنا کر انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کرتی رہی لیکن جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کے موقع پر بھی جماعت اسلامی کے کارکنان اور عام شہری الخدمت کے رضا کار بن گئے اور خدمت کا کام جاری رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی این جی اوز ریاست اور حکومت کا متبادل نہیں ہوسکتی، حکمران این جی اوز کی پیچھے چھپ کر سارے فنڈز آپس میں بانٹ لیتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے سیلاب زدگان کی امداد کے ساتھ ساتھ کرپٹ حکمرانوں کے چہروں کو بے نقاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ نا اہل حکمران عوام سے ٹیکس وصول کرکے عوام پر ہی خرچ نہیں کرتے، ہم سب کو ان حکمران ٹولے کے خلاف اٹھنا ہوگا اور بلدیاتی انتخابات میں ان حکمرانوں کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کو کامیاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کی استقامت کی وجہ سے ہی مخالف جماعتوں کے کارکنان جماعت اسلامی کے کارکن بن رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا ہر شہری بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو سپورٹ کرنے پر تیار ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پھر سے ڈور ٹو ڈور رابطے کریں گے،
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کے بجائے 16 اکتوبر کو کروائے جائیں اور کارکنان بلاک کوڈ اور وارڈ کی سطح پر از سر نو رابطے شروع کردیں۔