کراچی کے بجلی صارفین کے لئے بجلی 11روپے 6پیسے مہنگے ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 14 روپے 53 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔
کے الیکٹرک نے سہ ماہی اور ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں باالترتیب قیمت میں اضافے اور کمی کی دو الگ الگ درخواستیں دائر کردیں۔
کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا سے بجلی 14روپے 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا کہا گیا ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے یہ اضافہ اپریل تا جون 2022 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کردہ دوسری درخواست میں جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں قیمت کم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی نے جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے47 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا کہا ہے۔
کے الیکٹرک نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں شہریوں کو 6 ارب 25 کروڑ روپے کا ریلیف دینے کی درخواست کی ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی دونوں درخواستوں پر 31 اگست کو سماعت کرے گا۔