کراچی میں ڈینگی کے کیسز میں ہوشربا اضافہ سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں ڈینگی کیسز میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جبکہ سندھ بھر میں بھی کراچی سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 73 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 66 کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع وسطی میں 27 ، ضلع شرقی 15، ضلع جنوبی 13، ضلع ملیر 4 ، ضلع کورنگی 3 ، ضلع غربی 3 ، کیماڑی میں 3 اور ضلع ملیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ رواں ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1200 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ بھر میں 2 ہزار 501 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈینگی وائرس سے کیسے محفوظ رہا جائے؟
ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔
ڈینگی کے مرض سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، عام لوگوں کی توجہ صرف گندے پانی کی جانب جاتی ہے لیکن اس مرض کو پھیلانے میں اہم ترین کردار صاف پانی ادا کرتا ہے۔
مچھر دانیوں اور اسپرے کا استعمال لازمی ہے کیوں کہ ایک مرتبہ یہ مرض ہوجائے تو اس وائرس کو جسم سے ختم ہونے میں دو سے تین ہفتوں تک کا وقت لگ سکتا ہے۔