ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی بحالی کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک کے مطابق اسٹریٹجک تنصیبات بشمول ایئرپورٹ اور اسپتالوں کی بجلی بحال کی جاچکی ہے، رہائشی علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل بتدریج جاری ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک نے دعوی کیا کہ نارتھ ناظم آباد، بفر زون، بلوچ کالونی، نرسری، کے ڈی اے اسکیم، ڈیفنس کے حصوں میں بجلی بحال کی جا چکی ہے جب کہ کےالیکٹرک کا نظام محفوظ اور فعال ہونے کے باعث بحالی کے عمل میں تیزی آرہی ہے-
ترجمان کےالیکٹرک نے مزید بتایا کہ کوشش ہے کہ جلد از جلد بجلی بحال کی جائے اور متعلقہ حکام سے مستقل رابطے میں ہے-
اس سے قبل کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بحالی کے لئے 5 گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا تاہم اب تک بجلی مکمل بحال نہیں ہوسکی۔
ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ وزارتِ توانائی کے مطابق ٹرانسمیشن سسٹم میں فالٹ سے مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، کے ای سے منسلک علاقوں میں بھی فراہمی متاثر ہونے کی خبر موصول ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے جب کہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں حیدر آباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار، میر پور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، مٹیاری، تھرپارکر، کشمور، جیکب آباد، شکار پور، لاڑکانہ، دادو میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی سے متعلق پاو رپلانٹس ٹرپ کر گئے، ٹرپ کرنے والے پاورپلانٹس کی بحالی میں کئی گھنٹے درکار ہیں، شام 7 سے 8 بجے تک بجلی مکمل بحال کردیں گے۔