پولیس کی نظروں سے اوجھل کار چھیننے والے خاندان نے کئی واردتیں کر ڈالیں، پولیس نے ماں، باپ اور بیٹے کو گرفتار کرلیا۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے کار چھیننے والے خاندان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے محکمہ اسپورٹس کے ملازم سمیت دو مرد اور ایک خاتون ملزم کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ملزم شہاب، اس کی والدہ امبر عرف شبو ناز اور والدہ کا دوسرا شوہر لیاقت شامل ہے۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی 9 قیمتی گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ملزم شہاب کی والدہ شبو ناز اپنے شوہر کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں سے کاریں کرائے پر حاصل کرتی۔ کار کو ڈرائیور سمیت ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ کراچی تک لایا جاتا۔ پھر کسی سنسان جگہ پر ملزمان اچانک اسلحہ نکالتے اور کار چھین کر لے جاتے۔ملزمان چھینی ہوئی گاڑیوں کے رنگین پیپر اسکین کر دیتے تھے۔ کمپیوٹر سے ایڈٹ کر کے رجسٹریشن نمبر تبدیل کر دیتے۔ ملزمان چھینی گئی گاڑیوں کو بینک ڈیفالٹر، فائل مسنگ یا نان کسٹم پیڈ بتا کر کراچی ہی میں مختلف افراد کو فروخت کرتے یا کرائے پر چلانے کے لیے دے دیتے۔ایس ایس پی اے وی ایل سی کے مطابق اب تک سات مختلف مقدمات میں ملزمان کو گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کیا جا چکا ہے۔ ملزمان کا یہ گروہ اس سے قبل کبھی گرفتار نہیں ہوا اور یہ پہلی مرتبہ قانون کی گرفت میں آیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔