سراج الحق نے کہا ہےکہ کراچی شہر کو پیپلز پارٹی بدحال کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عجیب حالت ہے، یہ حالت رہ گئی ہے کہ نواز لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر حکومت میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 14 سال سے سندھ میں حکومت میں ہے، جماعت اسلامی چاہتی ہے ملک میں عوام کو بجلی پانی، صحت، تعلیم روزگار ملے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کو پیپلز پارٹی بدحال کردیا ہے، پیپلز پارٹی کراچی کی مردم شماری درست نہ کرا سکی جبکہ جولائی ماہ کے دوران جب میں آیا کراچی میں بارشوں کی وجہ سے ہر جگہ سڑکیں جھیل بن گئی تھیں
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب میں سکھر گیا تو سکھر بیراج میں تین لاشیں دیکھیں، میں نے دریافت کیا کہ یہ لاشیں سکھر بیراج میں کیوں پڑی ہیں ، میں نے سکھر میں پولیس کو کہا کہ لاشیں کیوں نہیں نکالتے جس پر پولیس نے کہا یہ انکی حدود میں نہیں پھر رات کے وقت پیپلز پارٹی کے ایک وزیر نے مجھے فون پر کہا کہ مبارک ہو وہ لاشیں بیراج سے نکال لی ہیں
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران جماعت اسلامی کے فلاحی تنظیم، سیلانی اور ایدھی فاؤنڈیشن نے زبردست کام کیا اور اگر یہ فلاحی ادارے نہ ہوتے تو لوگ بھوک مرجاتے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات قریب ہیں، میں تمام جماعت اسلامی کے کارکنان کو کہتا ہوں بلدیاتی انتخابات تک محنت کرو اور جاگتے رہو، کراچی میں جماعت اسلامی کے آنے سے شہر ترقی کرے گا۔