ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی اور لاہور کی فضا مضر صحت قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موسم کی تبدیلی کے باعث فضائی معیار ایک بار پھر آلودہ ہوگیا ہے جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور صف اول اور کراچی دوم پر آگیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں کی فضا میں آلودہ زرات کی مقدار 162 اور کراچی میں 157 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے ۔
خیال رہے کہ 151 سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے جبکہ 201 سے 300درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے اور 301 سےزائددرجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتاہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم اے کی جانب سے لاہور کو اسموگ کے باعث آفت زدہ شہر قرار دیتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں سموگ کا باعث بننے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔
اسموگ پر قابو پانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جبکہ پی ڈی ایم اے آفس میں کرائسز روم قائم کیا جائے گا۔
اسکے علاوہ وہ صنعتیں جو کالے دھوئیں کا اخراج کرتی ہیں بند کر دی جائیں گی، اور اسکولوں کو اخراج کو کم کرنے کے لیے بسیں خریدنے کا پابند کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے جبکہ فصل کی باقیات کو آگ لگانے کی سختی سے ممانعت ہوگی۔
فصل کو جلانے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوں گے۔
ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں اور صنعتوں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
تجاوزات اور غلط پارکنگ کے ذمہ داروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جبکہ اسموگ ایڈوائزری متعلقہ محکموں کے ذریعے جاری کی جائے گی۔