وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں جنوبی پنجاب کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال، ریسکیو آپریشن اینڈ ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو دریاؤں کی صورتحال، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
چیف سیکرٹری کامران افضل، انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز آبپاشی، صحت، ہاؤسنگ، لائیوسٹاک، لوکل گورنمنٹ، تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی ریسکیو 1122 لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اس اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری واٹر ڈویژن مہر علی شاہ، پاک فوج کے نمائندے، کمشنر ڈیرہ غازی خان، کمشنر بہاولپور اپنے دفاتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔