ملک بھر میں ڈینگی کے تیزی سے پھیلاؤ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں صورتحال بے قابو ہونے لگی، جس کے باعث ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی جن میں سے 36کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 329کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 220کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی 57، ضلع وسطی 55، ضلع شرقی 50، ضلع ملیر 28، ضلع غربی 4، ضلع جنوبی 15 اور کیماڑی 11کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 36 افراد، حیدرآباد میں 1 اور میرپور خاص میں 1 شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔
اس کے علاوہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 6 ہزار 273 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال سندھ بھر میں 10 ہزار 154 رپورٹ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کی صورتحال بگڑتی ہوئی نظر آرہی ہے، محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 8 ہزار 961 تک پہنچ گئی جبکہ ایکٹیو کیسز کی تعداد 2 ہزار 32 تک ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاور سے 219 جبکہ مردان میں 60 کیسز سامنے آئے جبکہ اس وقت صوبے کے مختلف اسپتال میں ڈینگی کے 105 مریض زیر علاج ہیں۔
محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پشاور سے سب سے زیادہ 3 ہزار 03 اور مردان سے 2 ہزار 337 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی سے 8 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔
ڈینگی کا خطرہ، ریڈ الرٹ جاری
ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے مریض سامنے آنے پر ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرلر رضوان نذیر کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں ٹرینوں اور بسوں میں خصوصی ڈینگی سپرے اور لاروا تلفی مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں ڈینگی لاورے کی تلفی کے اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مقدمہ درج اور گرفتار کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
رضوان نذیر نے کہا کہ ڈینگی کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت کے متعلقہ فیلڈ افسر کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی ڈینگی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔