ڈوب کر ہلاک ہونے والی اداکارہ نایا ریویرا کی آخری رسومات ادا کردی گئیں

رواں ماہ کے وسط میں جھیل میں نہانے کے دوران ڈوب کر ہلاک ہوجانے والی ہولی وڈ اداکارہ 33 سالہ نایا ریویرا کو 2 ہفتوں بعد سپرد خاک کردیا گیا۔

نایا ریویرا 8 جولائی کی دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دور واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔

اداکارہ نے جھیل کی سیر کے لیے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور جھیل میں جانے کے بعد وہ نہانے کے لیے جھیل میں اتریں اور پھر واپس نہیں آئیں۔

اداکارہ کی کشتی کے قریب سے ایک اور کشتی گزری تھی، جس پر سوار افراد نے اداکارہ کی کشتی پر بچے کو لاوارث حالت میں دیکھتے ہوئے ریسکیو حکام کو مطلع کیا تھا۔

بچے کی فراہم کردہ معلومات کے بعد حکام نے 8 جولائی کو ہی فوری طور پر ڈوب جانے والی اداکارہ کی تلاش شروع کردی تھی مگر ریسکیو حکام ایک ہفتے تک ان کی لاش کو تلاش کرنے میں ناکام رہے تھے۔

حکام نے اداکارہ کے ڈوب جانے کے 24 گھنٹے بعد ہی اس بات کا خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وہ ہلاک ہوچکی ہوں گی اور چوتھے دن امکان ظاہر کیا تھا کہ شاید اداکارہ کی لاش نہ ملے۔

لیکن اس کے باوجود حکام نے اداکارہ کی لاش کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھا اور ہیلی کاپٹرز سمیت جدید آبدوزوں کی مدد بھی حاصل کی گئی تھی۔

6 دن کی کوششوں کے بعد 13 جولائی کی شب کو حکام نے پیرو جھیل کے اسی مقام سے ایک لاش برآمد کرلی تھی، جہاں اداکارہ نہانے کے لیے اتری تھیں۔

تاہم اس وقت حکام نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی تھی کہ ملنے والی لاش اداکارہ کی ہی لیکن بعد ازاں 14 جولائی کو حکام نے تصدیق کی تھی کہ جھیل سے ملنے والی لاش نایا ریویرا کی ہی ہے۔

لاش ملنے کے تقریبا 2 ہفتوں بعد اداکارہ کو لاس اینجلس میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اداکارہ کی آخری رسومات میں ان کےسابق شوہر اور بیٹے سمیت کئی معروف شخصیات نے شرکت کی۔

نایا ریویرا کو ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب فوریسٹ لان میموریل پارک میں ہولی وڈ شخصیات کے قبرستان میں دفنایا گیا۔

اداکارہ کو ہولی وڈ ستاروں کے ان قبرستان میں دفنایا گیا، جہاں پال واکر، کیری فشر، بیٹی ڈیوس اور لبریس سمیت کئی معروف ہستیاں دفن ہیں۔

ان کی آخری رسومات سے قبل کئی ہولی وڈ شخصیات اور گلوکاروں نے ان کی موت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا تھا۔

خیال رہے کہ نایا ریویرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔

انہیں سب سے زیادہ شہرت فاکس ٹی وی کے میوزیکل ڈراما گلی سے ملی تھی اور مذکورہ ڈرامے کی کامیابی کے بعد ہی انہیں متعدد ڈراموں میں کام کی پیش کش ہوئی۔

اداکارہ نے مجموعی طور پر 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تھا اور انہوں نے 2014 میں اداکار ریان ڈورسی سے شادی کی تھی لیکن بعد ازاں اختلافات کے باعث دونوں نے 2015 میں علیحدگی اختیار کرلی اور دونوں کے درمیان 2018 میں طلاق ہوگئی تھی۔

نایا ریویرا کو ریان ڈورسی سے 4 سالہ بیٹا بھی ہے اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے۔