مشیر وزیر اعظم عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ڈالر ڈار سے کانپتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر وزیر اعظم عطا تارڑ نے وزیر آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، معیشت اور مشکل حالات پر بات کرنے نہیں آیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ میاں شہباز شریف دن رات حالات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور معیشت کو بہتر بنانے کیلئے اسحاق ڈار بھی پوری محنت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر آباد ہمیشہ سے گوجرانوالہ کا حصہ ہے، نئی تحصیل کو ضلع بنانے کے لئے میرٹ کو دیکھا جاتا ہے، وزیر آباد کو ضلع بنا کر کسی نے احسان نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ گجرات کو ڈویژن بنانا مقصود تھا، دو چار ضلعوں کو لازمی شامل کرنا چوہدری برادران کی ضرورت تھی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزیر آباد ٹیکس دینے والی تحصیل ہے اس کو بہت پہلے ضلع بننا چاہیے تھا، ہمیں وزیر آباد کو گجرات سے ہٹا کر گوجرانوالہ کے ساتھ ملانے کیلئے جس سطح کا بھی احتجاج کرنا پڑا کریں گے، ضلع وزیر آباد کی حدود کو وسیع کیا جائے اور گکھڑ کو بھی تحصیل کا درجہ دے کر اس میں شامل کیا جائے۔