چین کا سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امداد کا اعلان

چین نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امداد کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین نے بلوچستان اور سندھ کے سیلاب متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے خیموں اور دیگر فوری ضرورت کے امدادی سامان سمیت ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان میں آنے والے شدید سیلاب اور بھاری جانی و مالی نقصان کا اندازہ لگایا ہے، ہم متاثرین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین اور پاکستان سچے دوست اور اچھے بھائی ہیں، ہمارے دل سوگوار خاندانوں، زخمیوں اور متاثرین کے ساتھ ہیں جبکہ ہم بڑی قدرتی آفات کے وقت ایک دوسرے کی مدد کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کبھی نہیں بھولے گا کہ 2008 میں وینچوان میں آنے والے زلزلے کے بعد پاکستان نے ہماری مدد کی اور چین پاکستان کی مشکل کی گھڑی میں فراہم کردہ اس امداد کو نہیں بھول سکتا۔ وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے سیلاب پر ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کے سماجی اور ذریعہ معاش تعاون کے فریم ورک کے تحت، چین نے 4,000 خیمے، 50,000 کمبل اور 50,000 واٹر پروف کینوس فراہم کیے ہیں اور انہیں آفات سے نجات کے فرنٹ لائن پر پہنچا دیا گیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں چین نے ہنگامی انسانی امداد کی ایک اور کھیپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امدادی کھیپ میں 25,000 خیمے اور دیگر اشیاء ضرورت کو جلد پہنچایا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چینی ریڈ کراس سوسائٹی پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو 300,000 امریکی ڈالر کی ہنگامی نقد امداد فراہم کرے گی، چین آفات کی روک تھام اور تخفیف اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف دوطرفہ تعاون کو فروغ دیتا رہے گا

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستانی حکومت اور عالمی برادری کی مشترکہ مدد سے آفت زدہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات پر قابو پالیا جائے گا۔

Best Car Accident Lawyer