چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

چیئرمین  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کے وارنٹ گرفتاری تھانہ مارگلہ کے علاقہ مجسٹریٹ رانا مجاہد نے جاری کیے۔

چیئر مین پی ٹی آئی کے  وارنٹ گرفتاری  تھانہ مارگلہ میں 20 اگست کو درج  ہونے والے مقدمے میں جاری کیےگئے۔ عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ نمبر 407 درج کیا گیا تھا۔

عمران خان پر جج زیبا چوہدری ،آئی جی و دیگر پولیس افسران کو دھمکیاں دینے  کے الزام میں 504/506 اور 188/189 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔  مقدمے میں دفعہ 506 دھمکی آمیز بیان دینے پر درج کی گئی۔

واضح رہے کہ  اسلام آباد ہائی کورٹ اسی کیس میں عمران خان پر دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دے چکی ہے ۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اپنی لیگل ٹیم سے رابطہ کرلیا ہے تاکہ اس کیس میں ضمانت کا لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف اس مقدمے  میں لگائی گئی دفعات قابل ضمانت ہیں اس کے لیے وکلاء مجسٹریٹ رانا مجاہد رحیم کے سامنے پیش ہوں گے اور وارنٹ گرفتاری ختم کرنے کی استدعاکریں گے جس کے بعد عمران خان مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوں گے اور ضمانت ہوجائے گی۔

چیئرمین پی آٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے پر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے شدید رد عمل دیا گیا ہے۔

 

 

 

Best Car Accident Lawyer