کراچی میں چپ تعزیہ جلوس کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ 8 ربیع الاول 1444 ہجری بمطابق 5 اکتوبر2022 کو چپ تعزیہ کے جلو س کے موقع پر کراچی ٹریفک پولیس نے عوام کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
اس سلسلے میں مندرجہ ذیل تفصیلات جاری کی جارہی ہیں:
چپ تعزیہ جلوس نشتر پارک سے صبح ساڑھے 6 بجے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نور باغ مسافر خانہ موسیٰ لائن میں اختتام پزیر ہوگا، اس سے پہلے جب یہ جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچے گا تو وہاں ایک مجلس منعقد ہوگی اور بعد از اختتام مجلس یہ جلوس نور باغ مسافر خانہ پہنچے گا۔
مرکزی جلو س کا روٹ حسب ذیل ہوگا:
روٹ: نشترپارک، سر شاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جمنیس روڈ، شاہ خراسان، ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، کیپری، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، تبت چوک، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، نواب محبت خانجی روڈ سے حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ آتم رام پریتم داس روڈ موسیٰ لائن نور باغ مسافر خانہ۔
جیسے ہی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوگا، شہر کی جانب سے آنے والی تمام ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈ سے آگے ایمپریس مارکیٹ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اسے جوبلی یا نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
تمام ٹریفک جوکہ ناظم آباد کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آرہی ہوگی اسے لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا تا کہ وہ اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔
تمام ٹریفک جوکہ لیاقت آباد کی جانب ایم اے جناح روڈ کی طرف آرہی ہوگی اسے تین ہٹی چوک سے مارٹن روڈ پر جیل روڈ کی طر ف موڑ دیا جائے گا، ان تمام گاڑیوں کو جیل چورنگی فلائی اوور تک جانے کی اجازت ہوگی اور یہ تمام گاڑیاں جیل روڈ سے ہوتی ہوئی جمشید روڈ، دادا بھائی نورجی روڈ، کشمیر روڈشاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل کی طرف موڑ دی جائیں گی۔
اسی طرح وہ تمام ٹریفک جو کہ اسٹیڈیم روڈ کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جائے گی، اسے نیو ایم اے جناح روڈ کی جانب سے آنے کی اجازت ہو گی، البتہ یہ گاڑیاں دادا بھائی نورجی روڈ، کشمیر روڈ اور سوسائٹی لائٹ سگنل سے ہوتی ہوئی براستہ شاہراہ قائدین سے شارع فیصل پر جا سکیں گی۔
وہ تمام ٹریفک جو کہ سپر ہائی وے، گلبرگ کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جانا چاہے اسے لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی طرف موڑ دیا جائے گا جو براستہ حبیب بینک چوک، اسٹیٹ ایونیو روڈ، شیرشاہ سے ماری پور تک جاسکے گی۔
و ہ تمام ٹریفک جو کہ نیشنل ہائی وے کی جانب سے شہر کی طرف جائے گی اسے براستہ راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر، لیاقت آباد نمبر 10 ، ناظم آباد چورنگی نمبر2، حبیب بینک چوک، اسٹیٹ ایونیو روڈ، شیرشاہ سے ماری پور تک آنے کی اجازت ہو گی اور اسی طر ح واپسی کے لئے بھی یہی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
ہر قسم کی چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی، اس ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
تمام قسم کی ٹریفک جوکہ براستہ شاہراہ قائدین سے کوریڈور 3 کی جانب آرہی ہوگی اسے سوسائٹی چورنگی سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہو گی اور اسے عائشہ عزیز چورنگی سے پی پی چورنگی کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
جملہ ٹریفک جو کہ ایم اے جناح روڈ سے صدر کی جانب جانے والا ہوگا اسے پریڈی اسٹریٹ، آغا خان روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ کی طر ف سے صدر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
کسی بھی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ اور اس کے جنکشن پریڈی اسٹریٹ سے جانے کی اجازت نہیں ہو گی جب تک کے جلو س مکمل طور پر بمبئی بازار میں داخل نہیں ہو جاتا۔
تمام ٹریفک جو آغاخان روڈ، گارڈن کی جانب سے آرہی ہو اسے ایم اے جناح روڈ پرآنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تمام بسوں، منی بسو ں اور دیگر بڑی گاڑیوں کو جلوس کے نکلنے سے پہلے ایڈوانس میں ہی بک کرنا شروع کردیا جائے گا۔
جب چپ تعزیہ کا جلوس بڑا امام بارگاہ کھارادر پہنچے گا تو اس وقت لی مارکیٹ چوک سے آنے والی ہر قسم کی ٹریفک کو نواب مہابت خان جی روڈ پر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کی جانب آنے نہیں دیا جائے گا اور اسی طرح کرین چورنگی سے آنے والی ٹریفک جو حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کی جانب جائے گی ان کو بھی بند کر دیا جائے گا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کراچی کا کہنا ہے کہ کسی بھی گاڑی کو جلوس کے روٹ پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔