چودھری نثار کا 24 مئی کو پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا اعلان

سابق وزیرِ داخلہ اور آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چودھری نثار احمد نے منتخب ہونے کے 3 سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے حوالے سے پائی جانے والی مختلف قیاس آرائیوں پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے ایک باضابطہ بیان جاری کردیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ چند دنوں سے ان کے بحیثیت رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کے بارے میں مخلتف اطلاعات زیر گردش رہیں حالانکہ انہوں نے یا ان کے کسی ترجمان نے اس بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔

چودھری نثار کا کہنا تھا کہ میں نے حلقے کے عوام کے ساتھ مشاورت کے بعد 24 مئی بروز پیر کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رکنیت کا حلف اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ بحیثیت رکن پنجاب اسمبلی کسی قسم کی مراعات، تنخواہ، ٹی اے ڈی اے سمیت کوئی فائدہ حاصل نہیں کریں گے۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حلف اٹھانے کے بعد میرے مؤقف یا میری سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حلف اٹھانے کا بنیادی مقصد حلقے میں سیاسی حالات اور محرکات کو کنٹرول کرنا ہے۔