پی ڈی ایم کی گیڈر بھپکیوں سے عمران خان 31 جنوری تو کیا 31 مارچ کو بھی استعفیٰ نہیں دے رہے۔شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن سینیٹ کے الیکشن اور ضمنی انتخابات دونوں میں حصہ لے گی۔ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم ہوتا دیکھ رہا ہوں، حالات وہ نہیں جو دکھائی دے رہے ہیں۔پیر کے روز  گفتگو کرتے ہوئے  شیخ رشید  کا کہنا تھا کہ استعفوں کا معاملہ 31 دسمبر سے 31 جنوری تک چلا گیا ہے، پی ڈی ایم کی گیڈر بھپکیوں سے عمران خان 31 جنوری تو کیا 31 مارچ کو بھی استعفیٰ نہیں دے رہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پوری امید ہے اپوزیشن سینیٹ کے الیکشن اور ضمنی انتخابات دونوں میں حصہ لے گی، اپوزیشن میں استعفوں پر اختلاف اور لانگ مارچ پر اتفاق ہے، استعفے دینے کی بجائے اپوزیشن لانگ مارچ کرے گی، انہوں نے جب آنا ہے آئیں، اپوزیشن کا لانگ مارچ کا پروگرام ہی فائنل نہیں ان کا استقبالیہ کیمپ پہلے کیسے لگالیں، اپوزیشن نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، جب اسلام آباد تک لانگ مارچ کا فیصلہ کرے گی تب حکمت عملی بنائیں گے