سابق وفاقی وزیر سرور خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے بھی اداروں کے خلاف باتیں کیں انکے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر ہوا بازی سرور خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ڈی ایم نے بھی اداروں کے خلاف باتیں کیں انکے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا نہ ہی کسی بھی لیڈر کے خلاف اب تک کوئی کارروائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گِل کی پوری ویڈیو ریلیز نہیں کی گئی اس میں انہوں نے سیاسی باتیں بھی کی تھی، صرف اداروں کے خلاف بات کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔
سرور خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر بدترین تشدد بھی کیا گیا اور نجی چینل کو بھی نشانہ بنایا گیا، میڈیا کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے نجی چینل کا مونوگرام ہٹا لیا گیا، نجی چینل کے مالک پر ہر طرح کے الزامات لگائے گئے۔
انکا کہنا تھا کہ معاملہ عدالت میں ہونے کے باوجود نجی چینل کا این او سی مسترد کر دیا گیا، ساتھ ہی دو سینئر اینکر پرسن کو دھمکیاں دی گئیں اور وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے۔
سابق وفاقی وزیر ہوا بازی سرور خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ریلی رکھی ہے اس میں بھرپور شرکت کرینگے، آج احتجاجی ریلی نکال رہے ہیں ملک دشمن حکومت کے خلاف جلسہ کے سیریز چلا رہے ہیں۔
جلسوں کی تحریک اسی مقام سے شروع کر رہے ہیں جہاں پر دو وزرائے اعظم شہید ہوئے، اس ملک دشمن حکومت کے خاتمہ کے لیے جلسے شروع کر رہے ہیں۔
عمران خان آج شہباز گِل کے حق میں ریلی نکالیں گے
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج اسلام آباد میں شہبازگل کے حق میں ریلی نکالیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں تشدد کرکے چور کو مسلط کیا جارہا ہے، چوروں کی غلامی سے بہتر ہے زندہ ہی نہ رہیں۔