پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد کشمیر کےانتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی میں ناکام رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 11 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، بہترین جدوجہد کرنے والی پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے، غیر سرکاری اورغیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 25 نشستیں جیت لیں اور تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی۔