وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں12 روپے 13 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 235 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 191 روپے 83 پیسے ہوگی۔
وزیر خزانہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائیٹ ڈیزل کی نئی قیمت 186 روپے 50 پیسے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا جبکہ پہلے کوارٹر میں 84 ارب روپے کے ری فنڈز دیئے گئے ہیں۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے محصولات 1635 ارب روپے کے اکھٹے کئے گئے جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا ہدف 1609 روپے کا تھا، ہدف سے 26 ارب روپے کے زیادہ محصولات جمع کئے گئے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ گوشوارے جمع کرانے کیلئے سسٹم پر بہت لوڈ ہے، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ سیلاب کے نقصانات اور کاروباری افراد کی درخواست پر توسیع کی گئی ہے، تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔