پورٹ ٹرسٹ نےڈی ایچ اے کو سالانہ زمین کرائے پرالاٹ کی، پی اے سی میں انکشاف


پارلیمنٹ، فائل فوٹو

پارلیمانی پبلک آکاونٹس کمیٹی میں انکشاف ہوا ہے کہ پورٹ ٹرسٹ نے ڈی ایچ اے کو 18 پیسے فی مربع میڑ سالانہ پر زمین کرائے پر الاٹ کی۔ 

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نورعالم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چئیرمین کمیٹی نورعالم خان کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے پاس کافی زیادہ ہے اس لیے چار ذیلی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں انھوں نے کہا کہ دو کمیٹیوں کی سربراہی ممبران قومی اسمبلی اور دو کی سینٹرز کریں گے۔ ممبران قومی اسمبلی برجیس طاہر، وجیہہ قمبراورسینٹرزسلیم مانڈوی والا اور مشاہد حسین سید کی سربراہ میں ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گے۔

چیئرمین پی اے سی کا کہنا تھا کہ گوادرمیں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں۔ گوادرایسٹ بے ایکسپریس وے کے 1.5 ارب روپے کیوں بروقت استعمال نہیں ہوئے۔

رکن کمیٹی مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ یہ گرانٹ کی رقم ہے اسکو تو مکمل استعمال کیا جانا چاہیے تھا۔ یہ سی پیک کا بہت اہم منصوبہ ہے اور گرانٹ والا منصوبہ ہے اور اس میں بھی التواء ہے۔

شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ گوادر ڈیپ سی پورٹ ہے۔ گوادر کے مقامی لوگ انتہائی ملنسار محنتی اور پر امن ہیں۔ گوادر میں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں وہاں ترقیاتی کام کو تیز کیا جائے۔

چئیرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ سیکریٹری صاحب آپ کی طرف سے غیر سنجیدہ رویہ دیکھایا جا رہا ہے۔

سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز نے بتایا کہ یہ منصوبہ چینی کمپنی کر رہی ہے اور رقم بھی اب استعمال ہو گئی ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے گوادر کے منصوبوں کے خود جا کر مشاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کو زمین الاٹ کی جس سے ادارے کو 8 ارب روپے سالانہ کا نقصان ہوا۔مجموعی طور پر 16 سال میں ادارے کو 104 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے ہدایات کے باوجود کبھی اس معاملے کی انکوائری نہیں کی۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے ڈی ایچ اے کو 18 پیسے فی مربع میڑ سالانہ پر زمین کرائے پر الاٹ کی۔

چئیرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو 1996 اور 2005 میں زمین الاٹ کی گئی۔ کیا ہم ہاؤسنگ سوسائٹیز کی لیز منسوخ کر سکتے ہیں۔

رکن کمیٹی نزہت پٹھان نے بتایا کِہ یہ زمین حکومت سندھ کی ملکیت ہے جو کاروباری مقاصد کیلئے دی گئی تھی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اس معاملے کو حل کرنے کیلئے حکومت سندھ کو بھی بلایا جائے۔

چئیرمین پی اے سی نے کہا کہ ہم قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ کمیٹی نے کے پی ٹی کی اراضی انتہائی سستے داموں لیز پر دینے کی تحقیقات کا معاملہ نیب کے حوالے کر دیا۔ نیب ایک ماہ میں اپنی رپورٹ تیار کرے۔ کمیٹی نے ڈیریجنگ مشین کے خراب ہونے سے ایک ارب روپے 28 کروڑ روپے کے نقصان کی تحقیقات کا معاملہ نیب کے سپرد کر دیا گیا۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ کراچی شپ یارڈ اور انجینرنگ سے لیز کا کرایہ نہ لینے کے باعث 97 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

چیئرمین پی اے سی کا کہنا تھا کہ کراچی بورڈ ٹرسٹ کیوں کرایہ نہیں لے رہی۔ وزیر سمندری امور پتہ نہیں کیا کام کرتے ہیں ۔ ہم موجودہ وزیرکو سابقہ وزیر کی خطاؤں پر نہیں بلائیں گے۔ سابق وزیر اور سیکریٹری البتہ بہت ہی نالائق تھے۔ اس معاملے کو ایک ماہ میں حل کریں۔

آڈٹ حکام کا کہنا تھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے کرائے کی عدم وصولی سے 82 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔  چیئرمین کے پی ٹی نے بتایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کرایہ دے رہی ہیں انکو میونسپل ٹیکس پر اعتراض ہے۔

آڈٹ حکام کا کہنا تھا کہ ایسی بات نہیں ہے ہماری دستاویزات ثابت کرتی ہیں آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کرایہ نہیں دے رہیں۔

چئیرمین پی اے سی کا کہنا تھا کہ سیکریٹری صاحب یہ چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ساتھ کیوں غلط بیانی کر رہے ہیں۔ ہمیں ڈیپورٹیشن پر ایف بی آر کے افسران کی تعیناتی روکنا چاہیے۔ میں وزیراعظم سے دو دفعہ ملا ہوں انھوں نے ہمیشہ کہا ہے کہ آپ قانون پر عملدرآمد کروائیں۔

نورعالم کا کہنا تھا کہ اب افغانستان سے دو سو ڈالر فی ٹن میں افغانستان سے کوئلہ آرہا ہے۔ افغانستان سے دو راستوں سے کوئلہ آرہا ہے۔ کوئلہ لانے والوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئلہ لانے والوں سے پیسے بھی مانگے جاتے ہیں۔

پی اے سی نےکوئلہ لانے والوں کو تنگ کرنے کے معاملے پر وزارت داخلہ کو خط لکھنے کی ہدایت کردی۔ مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ااہم معاملہ ہے افغانستان سے فروٹ اور باقی سامان لانے والوں کو تنگ کیا جاتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ سے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔

Best Car Accident Lawyer