وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں بھرپور ترقیاتی کام کروائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ڈسکہ سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے تحصیل ڈسکہ کے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل ڈسکہ کی موجودہ انتظامی پوزیشن برقرار رہے گی، ڈسکہ کو وزیرآباد میں شامل نہیں کیاجائے گا۔
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میرے دل کے قریب ہے، اس شہر کی حالت بدلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسکہ سمیت ہر حلقے میں بھرپور ترقیاتی کام کروائیں گے جبکہ علاقے میں بنیادی سہولتوں کی بہتری کیلئے بھی کام کریں گے۔
دوسری جانب وفد نے تحصیل ڈسکہ کی موجودہ انتظامی پوزیشن برقرار رکھنے پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے ہمارا مطالبہ مان کر ہمارے دل جیت لئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملاقات کرنے والوں میں رکن پنجاب اسمبلی باؤ محمد رضوان، صاحبزادہ عثمان خالد، خواجہ عاطف رضا، سمیع اللہ ملہی، قاری ذوالفقار سیالوی، وسیم احمد،خواجہ سلمان،محمودالحسن،رانا عثمان، طاہر رؤف اور محمد بلال شامل تھے۔