ڈپٹی اسپیکردوست مزاری کے زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے قلمدان کے لیے پنجاب اسمبلی میں انتخاب آج ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ نے آج پرویزالہیٰ اور ق لیگ کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام حقائق کو دیکھنے کے بعد عدالت کو ذرا بھی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ دوست مزاری سیشن کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ڈپٹی سپیکر اپنے حلف کی پاسداری کریں گے اور وزارت اعلیٰ کے قلمدان کے انتخابات کا منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر وزیر اعلیٰ کے قلمدان کے انتخاب کے دوران قومی/بین الاقوامی مبصرین، میڈیا پرسنز، پلڈاٹ، فافن کے نمائندوں اور دیگر قومی/بین الاقوامی تنظیموں وغیرہ کو سہولت فراہم کریں۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو تمام ارکان اسمبلی کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ کسی قسم کی کوئی بدمزگی نہیں ہونی چاہیے۔