لاہور: پاکستان ٹیم اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کرکٹ میچز شروع ہونے سے قبل پاکستانی اسکواڈ کے دوسرے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے تمام 11 کھلاڑیوں کے دوسرے کووِڈ ٹیسٹ بھی منفی آ گئے، جس پر اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو آج جمعے سے انھیں ٹریننگ کی اجازت مل گئی۔
تمام کھلاڑیوں کی گزشتہ روز ویسٹ انڈیز میں ہوٹل پہنچنے پر آرائیول کووڈ ٹیسٹنگ کی گئی تھی، اور 11 کھلاڑیوں کی اب تیسری اور آخری کووڈ ٹیسٹنگ کل کی جائے گی، جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی 26 جولائی کو بارباڈوس روانہ ہوں گے۔
قومی کرکٹ اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹنگ منفی آنے پر تمام ارکان کی روم آئسولیشن بھی ختم ہوگئی ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 5 ٹی 20، 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز منگل 27 جولائی سے ہوگا، پہلا ٹی ٹوینٹی میچ پاکستان کے وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔
دوسری طرف آج بارباڈوس میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کا دوسرا ون ڈے کرونا کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے، یہ میچ ٹاس کے بعد کرونا کا ایک مثبت کیس سامنے آنے پر ملتوی کیا گیا، اور کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گراؤنڈ ہی سے روانہ کر دیا گیا۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ کرونا کا مثبت کیس آسٹریلوی کھلاڑی کا نہیں ہے۔