پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کی افغان مصالحتی عمل میں پیشرفت کی تعریف

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے افغان مصالحتی عمل میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے جلد بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی امید کا اظہار کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں 234ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں جیو اسٹرٹیجک اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)، پاک ۔ افغان سرحد اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ محرم میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کی سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ہی کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کا بھی خیال رکھا جائے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ اور بلوچستان میں حالیہ سیلاب کی صورتحال پر افواج کے فوری ردعمل اور بالخصوص کراچی کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے کیے گئے بروقت اور موثر اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے سیلاب کی موجودہ صورتحال کے دوران چوکس رہنے اور حفاظتی اقدامات پر زور دیا۔