پاک بحریہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے سندھ کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ڈی آئی خان اور خیبرپختونخوا کے گردونواح میں بھی سیلاب ذدگان کے لیے امدادی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے اہلکاروں اور غوطہ خور ٹیموں نے رات کے اوقات میں طویل فاصلے پر مشکل حالات میں کشتیوں کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے خاندانوں کو بچایا، پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں تک رسائی اور جان لیوا حالات میں فوری کارروائیاں کرنے میں مصروف ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نیوی نے اب تک میرپور خاص، قمبر شہداد کوٹ اور دادو کے چھوٹے دیہاتوں سے ہزاروں افراد کو زندہ نکال کر انسانی جانیں بچائیں، ڈائیونگ ٹیم نے سیہون کی تلتی جھیل کے قریب کشتی ڈوبنے سے ہلاک ہونے والے 4 افراد کی لاشیں نکالیں، مزید برآں، پاک بحریہ کے دستے متاثرہ آبادی میں راشن بیگ، تیار کھانا، پینے کا صاف پانی، خیمے اور دیگر اشیائے ضرورت تقسیم کر رہے ہیں۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نیوی کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس بھی مسلسل کام کر رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاک بحریہ، سول انتظامیہ اور مختلف مخیر حضرات کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو مسلسل مدد فراہم کر رہی ہے۔