پاک-انگلینڈ پہلا ٹیسٹ: شان مسعود کی سنچری، پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں پر 268 رنز

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں اوپنر شان مسعود کی بہترین سنچری کی بدولت 5 وکٹوں پر 268 رنز بنالیے۔

مانچسٹر میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کا اسکور 2 وکٹوں پر 139 رنز تھا۔

پہلے روز ذمہ دارانہ بلے بازی کرنے والے بابراعظم اسکور میں اضافہ نہیں کرپائے اور انگلینڈ کے تجربہ کار باؤلر جیمز اینڈرسن کی گیند پر جوروٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

بابراعظم نے 69 رنز بنائے تھے، جس کے بعد اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرنہ سکے اور 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

شان مسعود نے پراعتماد انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور انگلینڈ میں 24 سال بعد سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے۔ انگلینڈ میں سابق کپتان اور اوپنر سعید انور نے 1996 میں اوول میں سنچری بنائی تھی جس کے بعد کسی پاکستانی اوپنر کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوا تھا۔

شان مسعود کی ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل تیسری سنچری ہے اور اس طرح وہ پاکستان کے عظیم بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

پاکستان نے 5 وکٹوں پر 263 رنزبنا لیے ہیں۔

شان مسعود 114 اور شاداب خان 44 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔

خیال رہے گزشتہ روز اظہرعلی نے نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور دونوں اوپنرز نے محتاط بلے بازی شروع کی تھی لیکن آرچر نے 36 کے مجموعے پر عابد علی کی وکٹیں اڑا دی تھیں۔

کپتان اظہرعلی کھاتہ کھولے بغیر کرس ووکس کی وکٹ بن گئے تھے، جس کے بعد بابراعظم نے نصف سنچری مکمل کی تھی جبکہ شان مسعود نے 46 رنز بنائے تھے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: اظہر علی(کپتان)، شان مسعود، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ۔

انگلینڈ: جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، رورے برنز، بین اسٹوکس، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، اسٹورٹ براڈ، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن۔