پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ مسلسل بارش سے متاثر ہو رہا ہے اور آخری روز بھی کھیل مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں 4 دنوں میں صرف 96.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا اور پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 236 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
گزشتہ روز شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے اوپنر روری برنس کو ایک رن پر آؤٹ کردیا تھا جس کے بعد انگلینڈ نے 5 اوورز بیٹنگ کی تھی۔
ڈوم سبلے 2 اور زیک کراؤلی 5رنز بنا کر کھیل رہے تھے لیکن کھیل کو مقامی وقت کے مطابق 3:51 پر ختم کردیا گیا تھا۔
امپائرز کو بھی خراب روشنی سے متعلق اصولوں پر سختی کرنے پر دنیا بھر میں تنقید کا سامنا ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے چوتھے روز اپنی اننگز ختم کی تھی اور 236 رنز بنائے تھے، جس میں محمد رضوان کی ذمہ دارانہ 72 رنز کی اننگز شامل تھی جنہوں نے آخری وکٹ میں نسیم شاہ کے ساتھ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔
اوپنر عابد علی نے اظہر علی کے ساتھ ٹیم کی بڑی شراکت بنائی اور 60 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔
بابراعظم نے بھی مشکل وکٹ پر 47 رنز بنائے جبکہ اظہر علی نے 20 رنز بنائے تھے، ان کے علاوہ دیگر بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہیں کرپائے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے شان دار باؤلنگ کی تھی جبکہ انہیں پہلے میچ میں یاسر شاہ سے بدزبانی پر جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔
اسٹورٹ براڈ نے پاکستان کے 4 بلے بازوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کے کامیاب باؤلر رہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے میچ میں 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔