وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ جینز لینارکیچ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید سیلاب کے بعد یورپی یونین کی طرف امداد کو سراہا۔
شہباز شریف نے یورپی کمشنر کو سیلاب سے فصلوں، مکانات، مال مویشی اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے نقصان اور 1600 سے زیادہ افراد کے جاں بحق ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشترکہ اقدار ، امن اور خوشحالی و ترقی کے مقاصد پر مبنی یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کاعالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں فعال شرکت کے ذریعے سیلاب کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔
شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ کے قیام سمیت حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ ریلیف فنڈ میں ملکی اور بین الاقوامی ذرائع سے عطیات جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی ممالک کے اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق اپنے دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ 2023 کے بعد بھی جی ایس پی پلس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔