اسد عمر نےکہا ہےکہ پاکستان کے فیصلے کراچی میں ہونگے واشنگٹن میں نہیں ہونگے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کراچی کئ علاقے سعود آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے ماڈل ٹاؤن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی عام انتخابات نہیں ہیں، اس بار ووٹ اہم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غلامی کرنے کو قوم تیار نہیں ہے، سب سمجھدار ہوگئے ہیں، کسی بھی عقیدہ کے ماننے والے ہو، عمران خان کو ووٹ دیں گے۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں کئی بار سیلاب آچکا ہے لیکن عوام پر پیسے نہیں لگائے، جب بھی سیلاب یا تباہ کاری آتی ہے، سندھ میں نقصانات ہوجاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومت کا کام ہے سڑکیں بنائے لیکن ایسا ہوتا نہیں ہے، خیبر پختونخواہ میں مالی نقصان ضرور ہوا ہے لیکن جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ہدایات دے دی گئی ہے اب سندھ اور بلوچستان میں بھی کام ہم کریں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب ہم نے وفاق کا پیسہ کراچی کے لئے مختص کیا، تو ہم سے سوال کیے گئے ، ایم کیو ایم سمیت متعدد جماعتوں نے کراچی میں سوائے بینر لگانے کے کچھ نہ کیا۔
اسد عمر نے کہا کہ مئی کے مہینے میں مردم شماری کا پائلٹ سروے ہونا تھا، ہم سے درخواست کی تھی، مردم شماری کے پانچ ارب روپے کہاں گئے؟ کراچی کے لیے ایم کیو ایم والے آواز کیوں نہیں اٹھاتے ہیں؟ پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملا کے ایم کیو ایم نے کراچی کو بیچ دیا کیا ؟۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان، اسد عمر سمیت متعدد امیدوار کراچی سے منتخب ہوئے، ایم کیو ایم نے خنجر گھونپا لیکن اب پاکستان کے فیصلے کراچی میں ہونگے واشنگٹن میں نہیں ہونگے۔