پاکستان کی ٹوئٹر پلیٹ فارم پر بھارت کی ہیر پھیر پر سخت تشویش

پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پلیٹ فارم پر بھارت کی ہیر پھیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو بھارتی و امریکی میڈیا کی ان خبروں پر سخت تشویش ہے کہ بھارتی حکومت نے ٹوئٹر کے سیکیورٹی سسٹم میں دراندازی کرنے کی کوشش کی تھی۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ بھارتی حکومت نے ٹوئٹر کو بھارتی “ایجنٹ/نمائندے” کو ملازمت دینے پر مجبور کیا تھا، میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ بھارتی پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کو ٹوئٹر کی بریفنگ کے دوران سامنے آیا، کمیٹی کے اجلاس میں ٹوئٹر کے ایک سابق ملازم کی جانب سے امریکہ میں قانونی بیانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوسناک امر ہے کہ ٹوئٹر ہینڈل کی ایک بڑی تعداد بالخصوض کشمیری سیاسی رہنماؤں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھارت کے غیر سنجیدہ قانونی اعتراضات کی وجہ سے بلاک کیا جاتا ہے، گزشتہ ماہ، پاکستان نے پاکستان کے سفارتی مشنز، ریڈیو پاکستان کے متعدد ٹوئٹر ہینڈلز کے مواد تک رسائی کو روکنے پر بھارتی حکومت سے اپنا شدید احتجاج بھی درج کرایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیٹ کے دائرے میں جوڑ توڑ اور زبردستی کنٹرول کی بھارتی ریاستی طاقت کے بے دریغ استعمال اور مضبوط بازو کی حکمت عملی کی مذمت کرتا ہے، یہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی معیارات، ذمہ داریوں، اصولوں اور معلومات کے بہاؤ کے فریم ورک کے خلاف ہیں بلکہ یہ بھارت میں تکثیری آوازوں کے لیے جگہ سکڑنے اور بنیادی آزادیوں کو روکنے کی خطرناک رفتار کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے سفارتی مشنز اور ریڈیو پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کی بندش کو فوری طور پر واپس لے، بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے بیان کردہ آزادی اظہار کے قائم کردہ بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کی پاسداری کرے۔

Best Car Accident Lawyer