پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کو عبرت ناک شکست دینے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔ یوم فضائیہ کی مناسبت سے ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ایئربیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر کو یوم شہدا کے طور پر منایا۔
اس سلسلے میں مرکزی تقریب ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل مجاہد انوار خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران اور ائیرمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر کے تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے عزم، ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی و سَربلندی اور اس کی تعمیر و تَرقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اُن کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہارِیکجہتی کرتے ہیں جو 7 دہائیوں سے ظلم اور تسلط کے خلاف جِدّوجُہد کررہے ہیں۔
اس سے قبل سربراہ پاک فضائیہ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ واضح رہے کہ ارض پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یوم فضائیہ منایا جارہا ہے۔
یوم فضائیہ کی مناسبت سے مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں 1965 کی پاک-بھارت جنگ میں ملک کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہدائے فضائیہ کو سلام پیش کیا گیا۔ یاد رہے کہ 1965کی جنگ میں بری اور بحری افواج کے ساتھ ساتھ فضائیہ نے بھی پاک وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔
اس جنگ میں پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے 5 ایم کے 56 طیاروں کو گرا کر تاریخ رقم کی تھی۔ ایم ایم عالم کی اس بہادری اور جرات پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔