وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی توانائی کی نوے فیصد ضروریات خلیجی ممالک پوری کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممالک نہیں خطے ترقی کرتے ہیں، ہمیں ترقی کے لئے خطے کے ممالک سے رابطے بڑھانا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی توانائی کی نوے فیصد ضروریات خلیجی ممالک پوری کرتے ہیں؛ کرغزستان تاجکستان پانی سے بنی بجلی سے مالامال ہیں، ترکمانستاں اور ازبکستان میں گیس وسیع ذخائر میں موجود ہیں، پاکستان ان ممالک سے مستفید ہو سکتا ہے۔
‘پاکستان کو توانائی کی بے حد ضرورت ہے’
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی بے حد ضرورت ہے، پاکستان میں انفراسٹجر موجود ہے، کاسا 1000 منصوبہ پاکستان کے لئے اہم ہے، ٹاپی منصوبہ پاکستان افغانستان ترکمانستان اور انڈیا کے درمیان شاندار منصوبہ ہے، اٹھارہ سو کلو میٹر گیس پائپ لائن دس ارب ڈالر سے مکمل ہو گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ افغانستان کی ناگفتہ بہ سیکیورٹی کے باعث کاسا اور ٹاپی منصوبے کھٹائی میں پڑے ہوئے ہیں، پاک ایران گیس پائپ لائن بھی خطے کی صورتحال کے باعث مکمل نہیں کی جا سکی، ایران پر عالمی پابندیاں بھی منصوبے کی راہ میں حائل ہیں، قطر متبادل توانائی میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔
‘مسئلے کے حل کے لئے نوعیت جاننا ضروری ہے’
ان کا کہنا تھا کہ مسئلے کے حل کے لئے نوعیت جاننا ضروری ہے، ہم مسائل کی نوعیت جاننے کے لئے یہاں ہیں، ہم گیس خریداری کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، ہم گیس کے حصول کے لئے ہر اقدام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جاننا ہو گا کہ خطے میں کیا غلط ہو رہا ہے؟ ہمیں افغانستان اور وسطی ایشیاء کے ساتھ کام کرنا ہو گا، ہم ملک کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔