وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی جد وجہد اور تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعید غنی نے 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے شہداء کے حوالہ سے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس سال سانحہ 18 اکتوبر کے شہداء کی یاد میں ہر سال کی طرح جلسہ کرنے کے بجائے ملک کے مختلف مقامات پر ان شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کے اجتماعات منعقد کرے گی۔
سعید غنی نے کہا کہ یادگار شہداء اور شہداء کے گھروں پر پارٹی کے قائدین اور کارکنان حاضری دیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی جد وجہد اور تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے، ان قربانیوں کا آغاز شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت سے شروع ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سینکڑوں کارکنوں نے شہادت پائی ہے، جیلیں کاٹی ہیں کوڑے کھائے ہیں، سانحہ 18 اکتوبر پیپلز پارٹی ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں جو سیاسی جماعتیں ہیں اور پرامن سیاسی کارکنوں پر دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں ان میں سے ایک بڑا واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس قسم کی دہشتگردی کبھی نہیں ہوئی ہے اور اللہ نہ کرے کہ آئندہ کسی کے ساتھ ہو، سانحہ کارساز ایک بہت ہی دکھ اور المیہ کا وقت تھا جس میں پیپلز پارٹی نے اپنے 150 سے زائد کارکنوں کو کھویا اور 500 سے زائد کارکنان اس میں شدید زخمی ہوئے، شہیدوں کو ہم نے نہ کبھی پہلے بھلایا ہے اور نہ آئندہ بھلا سکیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ ان شہداء اور زخمیوں کی جدوجہد پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا اہم باب ہے، ہم رہتی دنیا تک ان شہیدوں کی قربانیوں اور ان کو انشاء اللہ یاد رکھیں گے، ان شہداء نے 18 اکتوبر کو دھماکے کے وقت اپنی جانوں کو بچانے کے بجائے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے گرد گھیرا ڈال کر ان کی جان کو بچایا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔