وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں قحط کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بدترین سیلابی صورتحال سے گزر رہا ہے۔
پوری قوم اختلافات بھلا کر ایک قوم ہونے کا پیغام دے
خواجہ آصف نے کہا کہ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، تین کروڑ سے زائد افراد متآثر ہوئے ہیں، پوری قوم اختلافات بھلا کر ایک قوم ہونے کا پیغام دے۔
مصیبت زدہ خاندانوں کی امداد کی جائے
ان کا کہنا تھا کہ مصیبت زدہ خاندانوں کی امداد کی جائے، صاحب وسائل افراد متاثرین کی مدد کریں، وزیر اعظم اور میاں نواز شریف نے سیاست کو بلائے طاق رکھتے ہوئے اس آفت کا سامنا کرنے کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قحط کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، دو آڈیوز سامنے آئی ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر خزانہ پنجاب اور کے پی کی آڈیو سامنے آئی ہیں۔
آئی ایم ایف مسلم لیگ ن کو پیسے نہیں دے رہی
خواجہ آصف نے کہا کہ آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط میں ایسی زبان استعمال کی گئی ہے جس سے ہمیں آئی ایم ایف سے امداد نہ ملے، آئی ایم ایف مسلم لیگ ن کو پیسے نہیں دے رہی، یہ پیسہ مہنگائی سے نجات حاصل کرنے کے لیے ملنے ہیں، یہ قومی مفادات کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، اس کا خمیازہ ن اور پی ڈی ایم کو نہیں بھگتنا پڑے گا، ان کو اقتدار کی اتنی حوس ہے کہ یہ ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ را کا منصوبہ ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کیا جائے، یہ آڈیوز را کے ایجنڈے کی پیروی کر رہی ہیں، اقتدار آنا جانا عارضی ہے اس وقت ریاست کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے، آفت زدہ حالات میں ایسے کام نہ کریں جو انہوں نے پلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری ان سے اپیل ہے یہ ہم سے اختلاف کریں لیکن ریاست کے خلاف اختلاف نہ کریں، آڈیو ٹیپ میں گالیاں دی گئی ہیں ہمیں، کالا باغ ڈیم کے لیے جنہوں نے فنڈ ریزنگ کی ان کے بارے میں انہوں نے کیا کیا ہے؟ اگر تحریک انصاف ملک کے لیے اکٹھے مل کر کام کرنا چاہتی ہے تو خوش آئند بات ہے۔