پاکستان میں سونے کی قیمت میں 6 ہزار روپے سے زائد کی کمی

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت 6 ہزار 100 روپے کم ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں خالص سونے کی فی اونس قیمت مزید 55 ڈالر کم ہو کر 1933 ڈالر کی سطح پر آگئی جس سے مقامی مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 6100 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی۔

قیمت میں کمی کے بعد ملک میں فوی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 5 ہزار 229 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد یہ ایک لاکھ 2 ہزار 881 روپے کا ہوگیا۔

ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 200 روپے کمی سے 1470 روپے ہوگئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چین اور بھارت کی جانب سے سونے کی خریداری میں کمی کے باعث قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں قیمت میں کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا مزید 2900 روپے سستا ہوگیا تھا۔ عالمی مارکیٹ میں منگل کو سونے کی فی اونس قیمت میں 47 ڈالر کی کمی واقع ہوئی اور یہ 2 ہزار سے کم ہو کر 1988 ڈالر کی سطح پر آگئی تھی۔