ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان میزائل واقعے کی مشترکہ انکوائری کا مطالبہ کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مارچ 2022 کو بھارت کی طرف سے پاکستان میں سپر سونک میزائل واقعے کی نام نہاد بھارتی انکوائری کو مسترد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ائیر فورس کے دو افسران کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے کر نوکری سے برخواست کیا اور انکوائری بند کر دی، پاکستان انکوائری بند کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتا ہے۔
‘بھارتی اندرونی کورٹ آف انکوائری ناکافی اور غیر تسلی بخش’
انہوں نے کہا کہ بھارتی اندرونی کورٹ آف انکوائری ناکافی اور غیر تسلی بخش ہے، بھارت پاکستان کے مشترکہ انکوائری کے مطالبہ کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔
‘واقعے نے بھارت کے میزائل لانچ نظام کی سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں’
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت واقعے سے متعلق پوچھے گئے پاکستانی سوالات کے جوابات دینے سے بھی قاصر رہا، واقعے نے بھارت کے میزائل لانچ نظام کی سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔
‘بھارت پاکستان کی شفاف مشترکہ انکوائری کے مطالبہ کو تسلیم کرے’
ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹیجک اثاثہ جات نظام میں موجود تکنیکی خرابیوں کو انسانی غلطی قرار دے کر جان نہیں چھڑائی جا سکتی، اگر بھارت کچھ چھپانا نہیں چاہتا تو پاکستان کی شفاف مشترکہ انکوائری کے مطالبہ کو تسلیم کرے۔