ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور تحریک انصاف کے کوآرڈینیٹر برائے بین الاقوامی میڈیا رؤف حسن نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ کو تحریری خط پیش کیا گیا۔
قائد حزبِ اختلاف سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھی اپنے دورِ حکومت میں کرپشن کے خاتمے اور غربت میں کمی کے لئے اقدامات کئے تھے۔
ان کا کہنا تھا شاہراہ قراقرم سے لے کر سی پیک تک 70 سالوں میں دونوں ممالک طویل رفاقت رکھتے ہیں جبکہ پاک چین کی 70 سالہ دوستی کی مزید مضبوطی کے لئے بھی نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔
قائد حزبِ اختلاف سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے مل کر ہر قسم کے چیلینجز کا سامنا کیا ہے جبکہ ہماری دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے بھی گہری ہے۔