سراج الحق نے کہا ہےکہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سفارت خانے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی چینی سفیر نانگ رانگ سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبدالشکور، ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی شریک تھے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے چینی اقدامات کو سراہتے ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ سی پیک پر کام میں تیزی اور بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو بڑھایا جائے، سی پیک سے پاکستان میں ہی نہیں بلکہ خطے میں بھی خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔
ملاقات میں چینی سفیر نے کہا کہ چین جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر تعمیر نو کا کام کرنا چاہتا ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھے گا جبکہ چین پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے بھی کردار ادا کرتا رہے گا۔