چودھری پرویز الہٰی نےکہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی کی ملاقات ہوئی جس میں میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزارت اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے پر چودھری پرویز الہٰی کو مبارکباد دی جبکہ یو اے ای کے سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو متحدہ عرب امارات کے دورے کی بھی دعوت دی۔
ملاقات میں چودھری پرویز الہٰی اورمتحدہ عرب امارات کے سفیر نے فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹر پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا جبکہ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مستقبل میں قریبی رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے تہہ دل سے مشکور ہیں، دھابی گروپ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سینٹر میں کاروباری مراکز اور سیون سٹارہوٹل تعمیر ہوگا، پنجاب حکومت مبارک سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مبارک سینٹر لاہور کی بلند ترین عمارت ہوگی ، یہ منصوبہ میرے سابقہ دور میں شروع ہوا،بدقسمتی سے (ن) لیگ کی حکومت نے اسے بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایا، اب اس منصوبے پر تیزی سے کام آگے بڑھائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیون اسٹار ہوٹل کو فلائی اوور سے قذافی اسٹیڈیم کے ساتھ لنک کیا جائے گا اور یہ منصوبہ بننے سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو قذافی اسٹیڈیم آنے جانے میں بے پناہ سہولت ہوگی، ٹورنامنٹس کے انعقاد کے دوران لاہور کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی بندش کے عذاب سے نجات ملے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں، مبارک سینٹر بننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں، وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلا جائے۔
چودھری پرویز الہٰی نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے، تعلیم،صحت اوردیگر شعبوں کی بہتر ی کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بزنس ٹو بزنس وفود کے تبادلے ضروری ہیں، پہلی فرصت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے و زیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کی ذاتی دلچسپی قابل ستائش ہے، متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، مبارک سینٹر کی تعمیر کا منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ہم آپ کو متحدہ عرب امارات آمد پر خوش آمدید کہیں گے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط بنائیں گے۔