شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں وزیر اعظم نے اپنے حالیہ دورہ قطر کو دہراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دورے کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔
شہباز شریف نے امیر قطر کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا جس میں قطر کی جانب سے سامان اور آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سندھ میں فیلڈ اسپتال کے قیام پر بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ مذہبی ،باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران امیر قطر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانی اور مالی نقصان پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ امیر قطر نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے قطر کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔