آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب میں کہا کہ پاس آؤٹ کیڈیٹس کا عظیم اوربہادر فوج کا حصہ بننا باعثِ فخر ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب اور پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میرے لیے باعثِ اعزاز ہے اورمیں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈیٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب میں کہا کہ بیالیس سال قبل میں نے بھی اسی ادارے سے تربیت حاصل کی۔ اس عظیم ادارے سے پاس آؤٹ ہونا آپ کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔ محنت اورلگن کے بغیر کوئی بھی ہدف کامیابی سے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
آرمی چیف نے خطاب میں کہا کہ پاس آؤٹ کیڈٹس کو بااعتماد طریقے سے ذمے داری نبھانی ہوگی۔ جب میں اس ادارے میں زیرتربیت تھا تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ فوج کی کمانڈ کروں گا۔ پاک فوج نے دہشت گردی سے نجات کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں پاس آؤٹ ہونے والوں میں 24 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس اور 65 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کیڈٹس شامل تھے۔
تقریب میں 20 ویں لیڈی کورس اورپانچویں بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کیڈٹس کے علاوہ چارخواتین سمیت 20 انٹرنیشنل کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔ بہترین کارکردگی پر146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹ کو اعزازی شمشیردی گئی اور طلائی تمغہ 146ویں پی ایم اے لانگ کورس کے نمبر2 کیڈٹ کو دیا گیا۔
کاکول کے 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام سمیت غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔