وفاقی وزیر برائے محکمہ تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ مری کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ مقدس ادارہ ہے اس کی مزید بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عمران خان نے جمہوریت کو بے توقیر اور ہر ادارے کو تماشا بنایا ہے۔
‘عمران خان کی فارن ممنوعہ فنڈنگ ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے ہے’
عمران خان کی فارن ممنوعہ فنڈنگ ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے ہے، بے جا لاڈ اٹھانے کی وجہ سے لاڈلے کا دماغ خراب ہو گیا ہے۔
پارلیمنٹ مقدس ادارہ ہے اس کی مزید بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی، کبھی کہتے ہیں استعفے دیئے ہیں کبھی کہتے ہیں استعفے نہیں دیئے یہ تماشا بند کرو، اگر استعفے نہیں دیئے تو ضمنی انتخابات میں حصہ کیوں لے رہے ہو۔
پاکستان کی پارلیمنٹ عملی طور پر ختم ہوچکی ہے، شاہ محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ عملی طور پر ختم ہوچکی ہے۔
چند روز قبل سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے ملتان میں انصاف لائرز فورم کے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ وکلاء اور انصاف لائرز فورم کا مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں۔
‘پاکستان معاشی مسائل سے دوچار ہوگیا’
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی مسائل سے دوچار ہوگیا ہے، آج پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑی جارہی ہے، پاکستان اس وقت وجودی خطرات سے دوچار ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں کسان اس وقت سراپا احتجاج ہیں، آج زرعی شعبہ فائدہ مند نہیں رہا، بارشوں اور سیلاب سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا۔
‘ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی ہے’
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمیں قرضہ اتارنے کے لیے بھی قرضے کی ضرورت پڑ رہی ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی ہے، تحریک انصاف کی حکومت ختم ہونے کے بعد شرح نمو گر گئی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ عملی طور پر ختم ہوچکی ہے، آج پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پارلیمنٹ سے باہر ہے، اپوزیشن بینچوں پر آج سرکاری اپوزیشن بیٹھی ہے۔