پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ مذاق بن کر رہ گئی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے افسوس کرنا چاہتا ہوں، ایم کیو ایم نے کتنی اچھی چوائس گورنر کیلئے دیدی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کسی بھی عہدے کیلئے بھتہ خور ہونا کتنا اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم کی تقسیم میں کردار ادا کیا جبکہ آپریشن کے بعد ایم کیو ایم نے پولیس افسران کو چن چن کر مارا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا آفس گھنٹہ گھر بن گیا ہے، وزیراعظم ہاوس کی روزانہ کی بنیاد پر آڈیو لیکس ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو پاکستان میں ہورہا ہے اس پر سیکورٹی ایجنسیز کو شرمندہ نہیں ہونا چاہیے جبکہ وزیر دفاع کہہ رہے ہیں فرانزک کروائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک مذاق بن کر رہ گئی ہے، صدر مملکت کے خطاب کے دوران حکمران جماعت بائیکاٹ کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک ججز کی اپنی لیکس نہیں ہونگی کوئی ہل چل نہیں ہوگی، ججز ایک دوسرے کو بیٹھ کر خط لکھ رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز کو لگتا ہے کہ کوئی مسئلہ ہی نہیں۔