ووٹنگ مشین گاؤں کا بزرگ بھی باآسانی استعمال کرسکتا ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین آسان ہے، اسے گاؤں کا بزرگ بھی باآسانی استعمال کرسکتا ہے۔ پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد کسی گروہ یا پارٹی کو فائدہ پہنچانا نہیں، ملک میں جتنے بھی انتخابات ہوئے وہ سب ہی متنازع رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ای وی ایم پر الیکشن کمیشن کے تقاضے پورے کریں گے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری میں الیکشن کمیشن کے 98 فیصد تقاضے پورے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشین دکھارہے ہیں حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔ شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری میں استعمال ہونے والا میٹریل 100 فیصد پاکستان میں بنا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں کوئی آپریٹنگ سسٹم نہیں ہے، اس مشین کا باہر کی دنیا سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ گاؤں میں ایک بزرگ بھی اس ووٹنگ مشین کو باآسانی استعمال کرسکتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جو الیکشن پر اثرانداز یا دھاندلی کرتے تھے وہ نہیں چاہتے یہ مشین استعمال ہو، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو عوام کے سامنے لے کر جائیں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو تمام صوبائی اسمبلیوں میں، الیکشن کا مشاہدہ کرنے والوں اور میڈیا کے سامنے بھی یہ مشین لے کر جائیں گے۔