اسلام آباد (محمد اویس) ممبران قومی اسمبلی کے وزیراعظم فلڈ ریلیف میں رقم دینے سے انکار کے بعد وفاقی ملازمین کی دو دن کی تنخواہ کی کٹوتی ملازمین کی رضا مندی سے مشروط کردی گی۔
بول نیوز اسلام آبا د کے کانٹینٹ سیل کے مطابق کابینہ نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022کے لیے ملازمین کی دودن کی تنخواہ کاٹنے کی منظوری دی جس کے بعد وزارت خزانہ نے مراسلہ جاری کیا ہے۔
مراسلے کے مطابق فلڈ ریلیف فنڈ ملازمین کی دودن تنخواہ کٹوتی رضا کارانہ بنیادوں پر ہوگی جو ملازمین کٹوتی نہیں کرانا چاہتے وہ اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو آگاہ کریں جبکہ فلڈ ریلیف کیلئے تنخواہ نہ دینے والے اکاؤنٹنٹ جنرل کو 14اکتوبر تک آگا ہ کریں۔
مراسلے کے مطابق ملازمین کی تنخواہ کاٹنے کے لیے ملازمین کی رضامندی ضروری ہے، وفاقی ملازمین کی اکتوبر کی تنخواہ سے دو دن کی کٹوتی کی جائے گی۔
رقم وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 میں جمع کرائی جائے گی جبکہ تنخواہ ملازمین کی ملکیت ہے کٹوتی رضا کارانہ اور ان کی مرضی سے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے مولاناعبدالاکبر چترالی اور جی ڈی اے کی سائرہ بانو نے وزیراعظم فنڈ میں تنخواہ دینے سے انکار کیا تھا۔