وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ 20 سے زائد مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان نے سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ترکمانستان، بحرین، سعودی عرب، آذر بائیجان، جرمنی اور اسپین کے سفارت کاروں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
وزیر خارجہ کے ہمراہ امریکا، چین، فرانس، جاپان، اٹلی، جنوبی کوریا، قطر اور ترکیہ کے علاوہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے نمائندگان نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔
وفاقی وزیر خورشید شاہ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے سکھر ایئرپورٹ پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سفارت کاروں کا استقبال کیا۔
سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان کو سکھر ایئر پورٹ پر سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے بریفنگ دی۔
اس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان کو پاکستان میں ہونے والی نقصانات سے آگاہ کیا۔