وزیر اعظم شہباز شریف نے 300 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کیلئے ایف پی اے چارجز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالے 4 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، حکومت سنبھالی تو مشکل صورتحال اور معاشی تباہی کا پہلے سے ہی اندازہ تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں تیل اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، پیٹرول کی قیمت 120 ڈالر سے بھی زیادہ تھی، سابق حکومت نے عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کی کوشش نہیں کی، حکومت جاتا دیکھ کر وزیراعظم ہائوس میں بیٹھے افسر نے عمران نیازی کو تیل کی قیمت کم کرنے کا مشورہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہم نے نہیں تحریک انصاف کی حکومت نے کیا تھا، انہوں نے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے کو توڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں نواز شریف کی حکومت آئی تو اس وقت چینی کی قیمت 52 روپے تھی، تحریک انصاف کے دور میں چینی کی قیمت 100 روپے سے بڑھ گئی، انہوں نے چینی ایکسپورٹ کے ساتھ ہی سبسڈی بھی دی، سید علی شاہ گیلانی کی پہلی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کوویڈ کے دوران مارکیٹ میں گیس کی قیمت 3 یا 4 ڈالر تھی، گیس سستی ہونے کے باوجود انہوں نے نہیں خریدی، پی ٹی آئی حکومت نے سبسڈی کے نام پر قوم کا پیسہ ہڑپ کیا، انہوں نے مہنگا ترین تیل خرید کر مہنگی ترین بجلی بنائی، پونے 4 سال میں جو کھلواڑ کیا گیا اس طرح میں نے زندگی میں نہیں دیکھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا تھا، اللہ کا شکر ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، عمران خان بار بار کہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے گا، وہ چاہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو ایف پی اے پر رعایت دی گئی ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے بھی آئی ایم ایف سے پوچھا کہ کہیں حقہ پانی بند نہ ہو جائے، قومیں اس طرح آگے نہیں بڑھتیں، اس کے لیے جدوجہد اور محنت کرنی ہو گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیری کشمیر کی جدوجہد آزادی کے سب سے بہادر اور پرجوش وکیل تھے، گیلانی صاحب کی یاد کشمیریوں کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کی جدوجہد میں تحریک دیتی رہے گی،
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔